زمین کا مرکز گرینچ یا مکہ المکرمہ


 زمین کا مرکز گرینچ یا مکہ المکرمہ

 اللہ تعالیٰ قرآن مجید میں ارشاد فرماتا ہے:

 )انَّ أَوَّلَ بَیْتٍ وُضِعَ لِلنَّاسِ لَلَّذِیْ بِبَکَّةَ مُبَارَکاً وَہُدًی لِّلْعَالَمِیْن)
بلاشبہ سب سے پہلا گھر جو لوگوں کے لیے تعمیر کیا گیا وہی ہے جو مکہ میں واقع ہے ۔ا س گھر کو برکت دی گئی اور تمام جہان والوں کے لیے مرکز ہدایت بنایا گیا۔[1]
مولانا مفتی محمد شفیع  اس آیت شریفہ کی تفسیر میں لکھتے ہیں کہ''آیت کے الفاظ کا خلاصہ یہ ہے کہ سب سے پہلا گھر جو منجانب اللہ لوگوں کے لیے مقر ر کیا گیا ہے وہ ہے جو مکہ میں ہے ،اس کا مطلب یہ ہے کہ دنیا میں سب سے پہلا عبادت خانہ کعبہ ہے ،اس کی یہ صورت بھی ہوسکتی ہے کہ دنیا کے سب گھروں میں پہلا گھر عبادت ہی کے لیے بنایا گیا ہو ،اس سے پہلے نہ کوئی عبادت خانہ ہو نہ دولت خانہ ،حضرت آدم علیہ السلام اللہ تعالیٰ کے نبی ہیں ،ان کی شان سے کچھ بعیدنہیں کہ انھوں نے زمین پر آنے کے بعد اپناگھر بنانے سے پہلے اللہ کا گھر یعنی عبادت کی جگہ بنائی ہو،اسی لیے حضرت عبداللہ بن عمر ،مجاہد ،قتادہ،سدی وغیرہ صحابہ وتابعین اسی کے قائل ہیں کہ کعبہ دنیا کا سب سے پہلاگھر ہے اور یہ بھی ممکن ہے کہ لوگوں کے ر ہنے سہنے کے مکانات پہلے بھی بن چکے ہوں مگر عبادت کے لیے یہ پہلاگھر بنا ہو،حضرت علی  سے یہی منقول ہے۔بعض روایات میں ہے کہ آدم علیہ السلام کی یہ تعمیر کعبہ نوح علیہ السلام کے زمانے تک باقی تھی ،طوفان ِنوح  میں منہدم ہوئی اور اس کے نشانات مٹ گئے ،اس کے بعد حضرت ابراہیم علیہ السلام نے انہی بنیادوں پر دوبارہ تعمیر کیا ''۔[2]

زمین کا مرکز گرینچ یا مکہ المکرمہ

سائنسی حقائق یہ بتاتے ہیں کہ مکہ جسے قرآن میں بکہ بھی کہا گیا ہے اور جہاں مسلمان عمرہ وحج ادا کرتے ہیں ،زمین پر معرض وجود میں آنے والا خشکی کا پہلا ٹکڑا تھا ۔سائنسی طور پر ثابت شدہ حقیقت یہی ہے کہ زمین کی پیدائش کے ابتدائی ایام میں تمام کرہ زمین پانی میں ڈوباہوا تھا یعنی ایک بہت بڑا سمندر تھا ۔بعدازاں اس کی تہہ سے آتش فشاں پھٹے اورانہوں نے زمینی پرت کے نیچے پگھلے ہوئے چٹانی مواد اور لاوے کو بڑی مقدار میں اوپر دھکیل دیا جس سے ایک پہاڑی معرض وجود میں آئی اوریہی وہ پہاڑی تھی کہ جس پر اللہ تعالیٰ نے اپنا گھر (قبلہ)بنانے کا حکم دیا ۔مکہ کی سیاہ بسالٹ چٹانوں پر کی گئی سائنسی تحقیق سے یہ ثابت ہوچکاہے کہ یہ ہماری زمین کے قدیم ترین پتھر ہیں۔
اگر یہ بات ایسے ہی ہے تو اس کا مطلب ہے کہ اسی مکہ سے ہی پھر بقیہ زمین کو پھیلایا گیا اور دنیا کے دوسرے خطے معرض وجود میں آئے۔سوال پیدا ہوتاہے کہ ہمارے اس دعوٰ ی کی تائید میں کوئی حدیث مصطفٰے صلی اللہ علیہ وسلمبھی موجود ہے ۔اس کا جواب ہاں میں ہے ۔ ڈاکٹر ذغلول النجار نے درج ذیل دواحادیث کو پیش کیا ہے [3]۔جن کو میں انہی کے حوالے سے نقل کررہا ہوں ۔کہ نبی کریم   صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ کعبہ پانی کے اوپر زمین کا ایک ٹکڑا تھا اسی سے ہی بقیہ زمین کو پھیلایا گیا [4]
اسی طرح الطبرانی اور البیہقی نے شعب الایمان میں ابن عمر سے یہ حدیث نقل کی ہے کہ جب زمین وآسمان بنائے جارہے تھے تو پانی کی سطح میں سے سب سے پہلا نکلنے والا خشکی کا ٹکڑا یہی تھاکہ جس پر یہ (متبرک گھر) واقع ہے ،پھر اسی کے نیچے سے ہی بقیہ زمین کو پھیلا یا گیا۔علاوہ ازیں درج  ذیل احادیث سے بھی مندرجہ بالااحادیث کوتقویت ملتی ہے ۔  امام بخاری  نے حضرت عبداللہ بن عباس  سے ایک حدیث روایت کی ہے ۔اس لمبی حدیث میں سے ایک ٹکڑا میں یہاں نقل کرتاہوں ۔نبی صلی اللہ علیہ وسلمفرماتے ہیں کہ '' (مکہ) وہ شہر ہے کہ جس دن سے اللہ نے آسمانوں او رزمین کو پید اکیا ۔اسی دن سے اس کو حرمت دی اور اللہ کی یہ حرمت قیامت تک قائم رہے گی ''۔[5]اس کے علاوہ امام ابن کثیر  نے بھی ایک حدیث مسنداحمد ،ترمذی اور نسائی سے نقل کی ہے ،اس کو امام ترمذی نے حسن صحیح کہا ہے کہ نبی  صلی اللہ علیہ وسلم  نے مکہ کے بازار حرورہ میں کھڑے ہوکر فرمایا کہ '' اے مکہ تو اللہ تعالی کو ساری زمین سے بہتر اور پیا را ہے ۔اگر میں زبردستی تجھ سے نہ نکالا جاتا توہرگز تجھے نہ چھوڑتا''[6]
چناچہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا فرما ن جہاں مندرجہ بالا تحقیق کی حمایت کرتاہے وہاں آپ  صلی اللہ علیہ وسلم  کی صداقت کو بھی عیاں کرتاہے ۔حضور  صلی اللہ علیہ وسلم کو کس نے بتایا کہ شروع میں پوری زمین پانی میں ڈوبی ہوئی تھی اورپھر اسی خشکی کے ٹکڑے پر اللہ کا پہلاگھر بنایا گیاتھا ،جیسا کہ مکہ کی بسالٹ چٹانو ں پر کی گئی تحقیق سے یہ امر ثابت ہوچکاہے کہ یہ قدیم ترین چٹانیں ہیں۔
پروفیسرحسین کمال الدین ریاض یونیورسیٹی میں شعبہ انجنیئرنگ میں پروفیسر تھے۔ انہوں نے اپنی بے مثال تحقیق کے بعد اس امر کا انکشاف کیاتھا کہ مکہ زمین کا مرکز ہے ۔انہیں اس حقیقت کا علم اس وقت ہوا جب وہ دنیا کے بڑے شہروںسے قبلہ (مکہ )کی سمت معلوم کرنے کے کام پر مامور تھے۔ا س مقصد کو حاصل کرنے کے لیے انہوں نے ایک چارٹ بنایا ۔ا س چارٹ میں ساتوں براعظموں کو مکہ المکرمہ سے فاصلے او رمحل وقوع کی بنیاد پر ترتیب دیا ۔پھراپنے کام کو مزید آسان بنانے کے لیے انہوں نے اس چارٹ کو طول بلد اور عرض بلد کے حساب سے تقسیم کرنے کے لیے یکساں خطوط کھینچے ۔پھر ان فاصلوں ،مقداروں اور دوسری کئی ضروری چیزوں کو معلوم کرنے کے لیے انہو ں نے انتہائی جدید اور پیچیدہ کمپیوٹر سافٹ وئیرز کو استعمال کیا اور آخرکار دوسالہ انتھک محنت کے بعد اپنی نئی دریافت کا انتہائی خوشی سے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ''مکہ ''ہی زمین کامرکز ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ بالکل ممکن ہے کہ ایک ایسا دائرہ بنایا جائے کہ اگر اس کا مرکز مکہ ہوتواس دائرے کے  بارڈرز تما م براعظموں سے باہر واقع ہوں گے اور اسی طرح اس دائرے کا محیط تما م براعظموں کے محیطوں کا احاطہ کر رہا ہوگا۔[7]
بعدازاں 20صدی کی آخری دہائی میں زمین اور زمین کی تہوں کی جغرافیائی خصوصیات کو جاننے اور نقشہ نویسی کی غرض سے حاصل کی گئیں سیٹلائٹ تصاویر سے بھی اس تحقیق کوتقویت ملتی ہے کہ مکہ زمین کے مرکز میں واقع ہے ۔سائنسی طور پریہ امر ثابت شدہ ہے کہ زمین کی پلیٹیں (Tectonics Plates) اپنی لمبی جغرافیائی عمر کے وقت سے باقاعدگی کے ساتھ عربین پلیٹ کے گرد گھوم رہی ہیں۔یہ پلیٹیں باقاعدگی کے ساتھ عربین پلیٹ کی طرف اس طر ح مرتکزہورہی ہیں کہ گویا یہ ان کا مرکز ہدف ہے ۔اس سائنسی تحقیق کا مقصد ہرگز یہ معلوم کرنا نہیں تھاکہ زمین کا مرکز مکہ ہے یانہیں بلکہ کچھ اور مقاصد تھے ۔تاہم اس کے باوجود یہ تحقیق مغرب کے کئی سائنسی میگزینوں میں شائع ہوئی مگر اس طورپر کہ اس سے کوئی نتیجہ اخذنہ کیا جاسکے۔ [8]
 سید ڈاکٹر عبدالباسط مصر کے نیشنل ریسرچ سنٹر کے ممتاز رکن ہیں ۔انہوں نے 16جنوری 2005ء میں سعودی عرب میں المجد ٹی وی چینل کو انٹرویو دیا تھا ۔ اس میں مکة المکرمہ کے متعلق کئی حیرت انگیز سائنسی انکشافات کیے تھے ۔(یہ انٹرویویوٹیوب پر دستیاب ہے[9](  انہوں نے کہا کہ سائنسی بنیادوں پر مکہ دنیا کا مرکز اس طرح ثابت ہوتا ہے کہ جب نیل آرم سٹرانگ زمین سے اوپر خلا کی طرف جا رہے تھے تو انہوں نے زمین کی تصویریں کھینچیں ۔انہوں نے دیکھاکہ زمین خلامیں معلق ایک کالا کُرّہ ہے ۔نیل آرم سٹرانگ نے اپنے آپ سے سوال کیا کہ اسے کس نے لٹکا یاہے ؟پھر خود ہی جواب دیاکہ ! اسے خدانے ہی معلق کرکے تھاما ہوا ہے ۔علاوہ ازیں انہوں نے مشاہدہ کیاکہ زمین کے کسی خاص مقام سے کچھ خاص قسم کی شعاعیں نکل رہی ہیں جو کم طول موج کی تھیں ۔ا نہوں نے اس چیزکو معلوم کرنے کے لیے اپنے کیمروں کو اس مقام پر فوکس کرنا شروع کیا کہ جہاں سے یہ شعاعیں نکل رہی تھیں ۔ آخر کار وہ اپنی اس کوشش میں کامیا ب ہوئے اور انہو ں نے یہ معلوم کرلیا کہ وہ مقام کہ جہاں سے شعاعیں خارج ہورہی ہیں وہ مکہ ہے ۔بلکہ بالکل اگر صحیح طور پر کہا جائے تو وہ کعبہ ہے ۔جب نیل آرم سٹرانگ نے یہ منظر دیکھا تو اس کے منہ سے نکلا ۔اوہ !میرے خدا!جب وہ مریخ کے قریب پہنچے تو دوبارہ انہوں نے زمین کی تصویریں کھینچیں تو انہیں معلوم ہواکہ مکہ سے نکلنے والی یہ شعاعیں مسلسل آگے جارہی تھیں۔ ناسا نے یہ تمام معلومات اپنی ویب سائٹ پر پیش کردی تھیں مگر صرف 21دن کے بعد ان کو ویب سائٹ سے ہٹا دیاگیا تھا ۔شاید اس لیے کہ یہ معلومات بڑی اہم اور حساس تھیں ۔ ڈاکٹر عبدالباسط نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے مزید کہا کہ یہ شعاعیں جو کعبہ سے خارج ہورہی ہیں لا محدود ہیں۔زیادہ طول موج یا کم طول موج والی شعاعوں کی خصوصیات سے بالکل برعکس ، میرے خیال میں اس کی وجہ فقط یہ ہے کہ ان کامنبع اور مأخد زمین کا کعبہ ہے جو آسمانی کعبہ سے وابستہ ہے اورمجھے یقین ہے کہ یہ شعائیں زمینی کعبة اللہ سے بیت المعمور(آسمانی کعبة اللہ) تک جاتی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کعبہ زمین کے اس مقام پر ہے کہ جہاں زمینی مقناطیسی قوتوں کا اثر صفر ہے ۔یہ زمینی مقناطیس کے شمالی اورجنوبی قطبوں کے بالکل درمیان میں ہے ،اگریہاں قطب نمارکھ دیا جائے تو اس کی سوئی حرکت نہیں کرے گی ۔ اس لیے کہ اس مقام پر شمالی قطب اور جنوبی قطب کی کششیں ایک دوسرے کے اثر کو زائل کردیتی ہیں۔چناچہ یہی وجہ ہے کہ مکة المکرمہ اس زمینی مقناطیسی قوت کے اثر سے باہر ہے اور مکہ کے رہنے والوں پر اس کا کوئی اثر نہیں ہوتا ،نتیجتاً جو کوئی مکہ کی طرف سفر کرتاہے یا اس میں رہتاہے وہ صحت مند اورلمبی عمر پاتاہے۔اسی طرح جب آپ کعبہ کا طواف کرتے ہیں تو آپ اپنے اندر ایک توانائی داخل ہوتے ہوئے محسوس کرتے ہیں ایسا اس لیے ہوتاہے کہ آپ زمین کے مقناطیسی  میدان کی قوت کے اثر سے باہر ہوتے ہیں اورسائنسی بنیادوں پر یہ بات ثابت شدہ ہے۔علاوہ ازیں مکہ کی کالی بسالٹ چٹانوں کے ٹکڑو ں کو لیبارٹری میں لے جاکر چیک کیاگیا ہے اور یہ بات معلوم کر لی گئی ہے کہ یہ زمین کی سب سے قدیم ترین چٹانیں ہیں۔علاوہ ازیں برطانیہ کے عجائب گھر میں حجر اسود کے تین ٹکڑے موجود ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ یہ جس چٹان کے ٹکڑے ہیں اس کا ہمارے نظام شمسی میں وجود نہیں پایا جاتا۔




مصر کے ڈاکٹر عبدالباسط کی گفتگو سے ثابت ہوتا ہے کہ کعبہ نا صرف زمین کا مرکز ہے بلکہ یہ پوری کائنات کا مرکز بھی ہے کیونکہ اس کی سیدھ میں بالکل اوپر آسمانی کعبہ یعنی بیت المعمور ہے ۔مختلف روایات و احادیث سے بھی یہ بات معلوم ہوتی ہے کہ بیت المعمور ، زمینی کعبہ کی سیدھ میں بالکل اوپر ہے۔اگر وہ اوندھے منہ گرے تو سیدھا اس کے اوپر گرے ۔ہر روز 70ہزار فرشتے اس میں آتے ہیں جب وہ وہاں سے جاتے ہیں تو پھر ان کی باری نہیں آتی۔علاوہ ازیں قرآن مجید میں بھی مکہ کو ''ام القری''کہا گیاہے جس کا مطلب  ہے کہ مکہ ان شہروں کی ماں ہے جو سب اس کے اردگرد ہیں۔اس آیت سے بھی یہ معلوم ہوتاہے کہ مکہ تمام شہروں کے درمیان میں ہے۔اسلامی معاشرے میں ماں کے لفظ کی ایک خا ص اہمیت ہے ۔آل واولاد کا سلسلہ ماں سے ہی چلتاہے ۔چناچہ مکہ کو شہروں کی ماں کانام دینے سے یہ بات کہی جاسکتی ہے کہ زمین کے بقیہ حصے بھی اسی سے پھیلے یا اس کے بعد وجود میں آئے اوریہی بات سائنسی طور پر بھی ثابت ہوچکی ہے۔
مکہ ایک محفوظ اور پر امن شہر ہے ۔قرآن میں اس کو ''بلد الامین'' بھی کہا گیا ہے۔یہاں کسی چرند پرند کوبھی نقصان پہنچانا ممنوع ہے۔ یہ تمام اطراف سے اونچے پہاڑوں میں گھراہوا ہے ،یہی وجہ ہے کہ یہاں کبھی کبھار کم درجے کے زلزلے ہی آتے ہیں۔ مزید برآں چونکہ اس شہر کا درجہ حرارت عموماً زیادہ رہتاہے اسی وجہ سے یہاں زمینی پرت (Crust)کے نیچے چٹانیں چپکنے والی اور لیس دار ہیں ،اس وجہ سے بھی مستقبل میں اگر کبھی یہاںزلزلہ آیا تو اس کی شدت کم ہی رہے گی ۔ 
کعبہ کی ایک اور اہم خصوصیت یہ بھی ہے کہ مسلمان اس کے گرد طواف کرتے ہیں۔ طواف کا آغاز حجر اسو د والی جگہ سے کیا جاتاہے ۔حاجی یہ طواف اینٹی کلاک وائز (مخالف گھڑی وار)کرتاہے اوریہ بات قابل ذکر ہے کہ اس کائنات میں ایٹم سے لے کر کہکشاؤں تک ہر چیز اینٹی کلاک وائز حرکت کررہی ہے۔ایٹم کے اندر الیکٹرونز ،نیوکلئس کے گرد اینٹی کلاک وائز گردش کرتے ہیں۔زمین کی تمام پلیٹیں عربین پلیٹ کے گرد اینٹی کلاک وائز حرکت کرتی ہیں۔انسانی جسم کے اندر سائیٹوپلازم ،سیل کے نیوکلئس کے گرد اینٹی کلاک وائز حرکت کرتاہے۔پروٹین مالیکیولز بھی بائیں سے دائیں طرف اینٹی کلاک وائز ہی حرکت کرتے ہوئے ترتیب پاتے ہیں۔ ماں کے رحم کے اندر بیضیٰ انثیٰ بھی اپنے ہی گرد حرکت اینٹی کلاک وائز ہی کرتاہے۔ مرد کی منی کے اندرجرثومہ بھی اپنے ہی گرد اینٹی کلاک وائز حرکت کرتے ہوئے بیضیٰ انثی تک پہنچتاہے۔انسانی خون کی گردش بھی اینٹی کلاک وائز ہی شروع ہوتی ہے۔زمین اپنے گرد اور سورج کے گرد بھی انیٹی کلاک وائز ہی حرکت کرتی ہے ۔سورج اپنے ہی گرد اینٹی کرتاہے۔کہکشاں خود اپنے ہی گرد اینٹی کلاک وائز گردش کرتی ہے۔ [10]
چناچہ ان تفصیلات سے معلوم ہوتاہے کہ ایک مسلمان جب کعبہ کا طواف کرتاہے تووہ اسی طرح اپنے رب کی طرف سے عائد کی گئی ڈیوٹی کو نبھاتاہے کہ جس طرح ایٹم سے لے کر کہکشاؤںتک ،سب اپنے رب کے حکم کے آگے سر اطاعت خم کیے ہوئے ایک ہی سمت میں محو گردش ہیں۔اس سے اسلام کا امیتاز او ربرتری دوسرے مذاہب کی نسبت نکھر کر سامنے آجاتی ہے۔
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کے مطابق پچھلے سال قطر میں ایک کانفرنس منعقد ہوئی تھی ،جس کا عنوان ''مکہ مرکز عالم ،علم وعمل '' تھا۔ اس میں کچھ مسلمان علمائے دین او ر سائنسدانوں نے مطالبہ کیا تھا کہ گرینچ کے معیاری وقت کے بجائے مکہ مکرمہ کے وقت کومعیار کے طورپر اپنانا چاہیے کیونکہ بقول ان کے مکہ مکرمہ ہی دنیا کا مرکز ہے ۔ اس کانفرنس میں شریک ایک ماہر ارضیات کا کہنا تھا کہ جغرافیائی لحاظ سے مکہ مکرمہ قطب شمالی سے دیگر طول بلد کے مقابلے میں بہترین مطابقت رکھتا ہے ۔شرکاء کانفرنس کا کہنا تھا کہ انگریزوں نے برطانوی راج کے دور میں دیگر ممالک پر قبضہ کرکے ،باقی دنیا پر زبردستی گرنیچ کا وقت مسلط کردیاتھا ۔اب اس صورت حال کو بدلنے کا وقت آگیا ہے۔معروف عالم دین شیخ یوسف القرضاوی نے اس کانفرنس میں کہا کہ جدید سائنسی طریقوں سے اب یہ بات ثابت ہو گئی ہے کہ مکہ مکرمہ کرہ ارض کا اصل مرکز ہے۔جس سے قبلے کی اہمیت بھی واضح ہوتی ہے ۔ اس کانفرنس میں مکہ واچ ،نامی منصوبے کا بھی جائزہ لیا گیا ۔یہ ایک فرانسیسی سائنسدان کی ایجاد کردہ گھڑی ہے جو الٹی طرف چلتی ہے اور اس سے دنیا میں کہیں بھی موجود مسلمانوں کو قبلے کے رخ کا پتہ چل سکتا ہے۔(بی بی سی اردو ڈاٹ کام،22اپریل ،2008) [11]
اب جب کہ سائنسی تحقیقات اور سیٹلائٹ تصاویر نے بھی اس تحقیق کی حمایت کردی ہے کہ مکہ ہی زمین کا مرکز ہے تو کئی دہائیوں سے جاری اس تنازعہ اور بحث و مباحثہ کو ختم کرنے کے لیے ضروری ہے کہ بین الاقوامی طور پر وقت کے معیار کے لیے گرینچ کی بجائے ''مکہ '' ہی کو مرکزقراردیاجائے ۔اب اگر مکہ کے وقت کو بین الاقوامی طورپر نافذ کردیاجائے تو ہر ایک کے لیے نمازوں کے اوقات کا معلوم کرنابالکل آسان ہوجائے گا۔لہذا مکة المکرمہ جو کہ ایک مبارک شہر ہے ،کو دنیا کے دیگر شہر وں پر فضیلت کا حق ملنا چاہیے ۔
................................................................
[1]  (آل عمران : 96)
[2] (تفسیر معارف القرآن، سورة آل عمران 96)
[4]  (الفائق فی غریب الحدیث للز مخشری: 1/371)
[5] (بخاری ابواب العمرہ ،باب  لایحل القتال بمکة)
[6] ۔(تفسیر ابن کثیر ، آل عمران ، آیت 96)
[7] (المجلہ العربی ۔نمبر 237،اگست 1978ء)

6 تبصرے

  1. ماشاء اللہ بہت خوشی ہوئی ہے یہ مضمون پڑھ کر ۔ اللہ آپ کو خوش رکھے۔ آمین

    جواب دیںحذف کریں
  2. ENGR.ALTAF HUSSAIN AWAN9 ستمبر، 2011 کو 8:27 PM

    MUSLIM SCIENTISTS IN GOLDEN AGE USED TO CONSIDER KAABA AS CENTER OF EARTH.
    YOUR GREAT ARTICLE IS USEFUL FOR MUSLIM YOUTHS.
    PLEASE CORRECTS THE BRACKETS.

    جواب دیںحذف کریں
  3. محترم الطاف صاحب
    السلام علیکم
    حوصلہ افزائی کا بہت بہت شکریہ
    ویسے میرے پاس تو بریکٹس صحیح نظر آرہی ہیں۔ آپ کے پاس اردو فانٹس انسٹال ہیں یا نہیں ؟اگر کسی اور دوست کو بھی بریکٹس صحیح نظر نہ آرہی ہوں تو مجھے بتائیں ۔ باقی دوستوں سے گزارش ہے کہ سب اردو فانٹس اور اردو کی بورڈ انسٹال کر لیں تاکہ اردو کو ہی فروغ دیا جائے۔ جزاک اللہ

    جواب دیںحذف کریں
  4. بہت اچھا موضوع ہے اور بہت اچھی معلومات مگر عملی طور پر ہم لوگ ان پر بلکل عمل نہیں کررہے، وقت تو دور کی بات ہے۔ مکہ میں طلوع ہونے والے چاند تسلیم کرکے کہ اپنے آپ کو ملت واحد کا درجہ دے سکتے مگر، افسوس کہ احساس زیاں جاتا رہا۔ ۔۔۔ ۔۔ ۔۔

    جواب دیںحذف کریں
  5. behtareen mazmun ha ALLAH ap ko jazaekheer atta kare....

    جواب دیںحذف کریں

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی